لاہور: پنجاب کی وزیراعلٰی مریم نواز نے پنجاب پروٹیکشن آف اونرشپ آف موویبل پراپرٹی آرڈیننس پر عملدرآمد روکنے کے فیصلے کو اعلٰی عدلیہ کے مسلمہ اصولوں کے خلاف قرار دے دیا ہے۔
منگل کو جاری کیے گئے بیان میں انہوں نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے پر ردعمل میں کہا کہ قانون کی معطلی سے قبضہ مافیا کو فائدہ ہو گا اور عوام اس کو قبضہ مافیا کی پشت پناہی سمجھیں گے۔
ان کے مطابق ’یہ قانون مظلوم عوام کو تحفظ دیتا ہے جس میں انتظامی اور قانونی تمام پہلوؤں کو جامع انداز میں شامل کیا گیا۔‘مریم نواز کا کہنا تھا کہ ’ہم نے برسوں اور دہائیوں کے ستائے ہوئے لاکھوں اہل پنجاب کی مدد کا قانون بنایا جس میں نسلوں تک چلنے والے مقدمات کے لیے پہلی بار 90 روز کی حد مقرر کی گئی۔’
ان کے مطابق ’یہ قانون مریم نواز کے فائدے کے لیے تھا نہ ہی اس کی معطلی سے ہماری ذات کو کوئی نقصان ہوا ہے البتہ قبضہ اور لینڈ مافیا کے ستائے عوام کا بڑا نقصان ضرور ہوا ہے۔‘
مریم نواز نے واضح کیا کہ ’قانون سازی کرنا صوبائی اسمبلی کا آئینی حق ہے جس سے اس کو روکا نہیں جا سکتا۔‘
انہوں نے کہا کہ اس قانون کو روکے جانے سے ان غریبوں، مسکینوں، بے کسوں، بیواؤں اور مظلوموں کو نقصان ہو گا، جن کی داد رسی ہو رہی تھی۔
ان کے بقول ’اس سے غریب اور مظلوموں کو انصاف ملنے کی آس ٹوٹ جائے گی۔‘
قانون میرے فائدے کیلئے نہیں تھا، عوام کا نقصان ہوا،وزیراعلیٰ پنجاب کا ردعمل

