بے نقاب رپورٹ : اسلام آباد اور پنجاب پولیس نے کرسمس اور قائد اعظم ڈے کے موقع پر مذہبی ہم آہنگی کے فروغ اور امن و امان کے قیام کے لیے تقریبات اور سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔
اسلام آباد پولیس کی جانب سے مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے پولیس افسران اور سٹاف کے اعزاز میں کرسمس کی خصوصی تقریب منعقد کی گئی، جس میں آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی، ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز ملک جمیل ظفر، اے آئی جی لاجسٹکس عبد الحق عمرانی اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر آئی جی اسلام آباد نے مسیحی افسران اور اہلکاروں کو کرسمس کی مبارکباد دی، تحائف پیش کیے اور ان کے ہمراہ کرسمس کا کیک کاٹا۔ آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ مسیحی افسران اور سٹاف اسلام آباد پولیس کا فخر ہیں اور ملک و قوم کی خدمت میں ان کی کارکردگی نمایاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرسمس محبت، بھائی چارے اور انسانیت کی خدمت کا پیغام دیتا ہے، جبکہ اسلام آباد پولیس وفاقی دارالحکومت میں کرسمس اور قائد اعظم ڈے کی تقریبات کے دوران بھرپور سکیورٹی یقینی بنائے گی۔
دوسری جانب پنجاب پولیس نے کرسمس اور قائد اعظم ڈے کے لیے صوبہ بھر میں جامع سکیورٹی پلان نافذ کر دیا ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر کے 2900 سے زائد گرجا گھروں کی سکیورٹی پر 30 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ لاہور میں 600 سے زائد مسیحی عبادت گاہوں پر 5 ہزار سے زائد اہلکار سکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے، جبکہ قائد اعظم ڈے کے موقع پر منعقد ہونے والے سرکاری و عوامی پروگرامز کی سکیورٹی کے لیے بھی اضافی نفری تعینات کی جائے گی۔
سکیورٹی پلان کے تحت گرجا گھروں کو حساسیت کے اعتبار سے اے، بی اور سی کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے، جبکہ خواتین شہریوں کی چیکنگ کے لیے لیڈیز پولیس اہلکار بھی تعینات ہوں گی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایت کی ہے کہ سکیورٹی ہائی الرٹ رکھی جائے، حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات کی جائے اور سیف سٹیز اتھارٹی کے کیمروں کے ذریعے کرسمس اور قائد اعظم ڈے کی تقریبات کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے۔
آئی جی پنجاب کے مطابق ڈولفن سکواڈ، ایلیٹ پولیس اور پیرو ٹیمیں گرجا گھروں، مسیحی آبادیوں اور تقریبات کے اطراف مؤثر پٹرولنگ کریں گی، جبکہ سی ٹی ڈی اور سپیشل برانچ دیگر اداروں کے تعاون سے مشکوک اور شرپسند عناصر کے خلاف کارروائیاں یقینی بنائیں گی۔ پولیس حکام کے مطابق ان اقدامات کا مقصد کرسمس اور قائد اعظم ڈے کے موقع پر شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنا اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔

