لاہور: ن لیگ کے ایم پی اے عرفان شفیع کھوکھرکودل کا دورہ ، اسپتال میں ا نتقال کرگئے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق لیگی ایم پی اے عرفان شفیع کھوکھر کو ہارٹ اٹیک کے باعث ڈاکٹرز ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے اور خالق حقیقی سے جا ملے۔
مرحوم عرفان شفیع کھوکھر لاہور کے حلقہ پی پی 167 سے ن لیگ کے ٹکٹ پر رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔
وہ ایم این ایز ملک سیف الملوک کھوکھر اور ملک افضل کھوکھر کے بھتیجے اور ملک شفیع کھوکھر کے صاحبزادے تھے۔عرفان شفیع صوبائی وزیر ملک فیصل ایوب کھوکھر کے تایا زاد بھائی تھے
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی عرفان شفیع کھوکھر کے انتقال پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا اور مرحوم کی بلندی درجات کی دعا کی جبکہ مرحوم کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت اور صبر جمیل کی دعا کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھی رکن پنجاب اسمبلی عرفان شفیع کھوکھر کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے اظہارِ ہمدردی و تعزیت کیا۔

