اسلام آباد: معرکۂ حق میں عبرتناک شکست کے بعد بھارتی فوج عالمی منظرنامے پر مذاق بن کر رہ گئی ہے۔ عالمی افق پر چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی پذیرائی، بڑھتی ہوئی مقبولیت اور پاکستان کی نمایاں سفارتی کامیابیوں نے بھارتی عسکری قیادت کو شدید تذبذب میں مبتلا کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق شکست کی ہزیمت چھپانے اور خود کو مقبول ظاہر کرنے کے لیے بھارتی عسکری قیادت میڈیا میں شعبدہ بازی اور غیر سنجیدہ طرزِ عمل اختیار کیے ہوئے ہے۔ سیاسی آقاؤں کو خوش کرنے کی غرض سے بھارتی عسکری قیادت مختلف ہندو مذہبی رسومات میں میڈیا پر نمایاں نظر آتی ہے، جبکہ دوسری جانب آئے دن میڈیا پر عسکری تیاریوں کے دعوے دہرا کر اپنی اسٹریٹجک صلاحیت ظاہر کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
اطلاعات کے مطابق مقبولیت حاصل کرنے اور اپنی سوچ کو فروغ دینے کے لیے بھارتی آرمی اور فضائیہ کے سربراہان نے پاسنگ آؤٹ پریڈز کو بھی سستی شہرت کے حصول کا ذریعہ بنا لیا۔ بھارتی آرمی چیف کی جانب سے پاسنگ آؤٹ پریڈ گراؤنڈ میں ناموزوں انداز میں پش اپس کرنا دراصل ناقص تیاریوں اور ناکام حکمتِ عملی پر پردہ ڈالنے کی بھونڈی کوشش قرار دی جا رہی ہے۔ پاسنگ آؤٹ پریڈ کے دوران ان کی جانب سے ڈنڈ نکالنے کا مظاہرہ بھی غیر معیاری اور غیر پیشہ ورانہ بتایا جا رہا ہے۔
اسی طرح بھارتی فضائی قیادت بھی سستی شہرت کے حصول کے لیے غیر سنجیدہ حرکات میں پیش پیش نظر آتی ہے۔ فضائیہ کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں اعلیٰ فضائی قیادت کا فلائی پاسٹ میں حصہ لینا اور کیڈٹس کو سلامی پیش کرنا عسکری حلقوں میں حیرت اور تنقید کا باعث بنا ہے۔ مزید برآں بھارتی فضائی قیادت کی جانب سے رقص و سرور کی محافل میں مصروفیت کی ویڈیوز میڈیا کو فراہم کرنا بھی سوالات کو جنم دے رہا ہے۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ میدانِ جنگ کے بجائے اسٹیج تھیٹر، ناچ گانے اور تماشہ بازی بھارتی فضائی قیادت کی اہلیت اور صلاحیت کا مظہر بنتی جا رہی ہے۔ کمزور بھارتی فوجی قیادتوں کا یہ مضحکہ خیز سرکس شو نہ صرف عسکری وقار کے لیے شرمندگی بلکہ عالمی سطح پر بدنامی کا سبب بھی بن رہا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق بھارتی فوجی قیادت کی غیر سنجیدہ اور دکھاوے کی حرکات ادارے کی پیشہ ورانہ ساکھ پر سنگین سوالیہ نشان کھڑے کر رہی ہیں۔

