لاہور:لاہور ہائیکورٹ نے معروف سکالر انجینئر مرزا محمد علی کے خلاف ایف آئی اے کی جانب سے شروع کی گئی تحقیقات کے خلاف دائر درخواست پر ڈی جی ایف آئی اے اور چیئرمین پنجاب قرآن بورڈ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔جسٹس شہرام سرور نے درخواست پر سماعت کی، جس میں ایف آئی اے اور پنجاب قرآن بورڈ کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست گزار کی جانب سے ایڈووکیٹ نبیل جاوید کاہلوں نے موقف اختیار کیا کہ ایف آئی اے نے بغیر نوٹس جاری کیے درخواست گزار کے خلاف تحقیقات شروع کر رکھی ہیں، موقف کے مطابق ایف آئی اے نے سوشل میڈیا سے پرانی ویڈیو پنجاب قرآن بورڈ کو ارسال کی، جس پر بورڈ نے مبینہ طور پر فتوی جاری کرتے ہوئے درخواست گزار کو گنہگار قرار دے دیا ہے۔
درخواست میں یہ بھی موقف اپنایا گیا کہ پنجاب قرآن بورڈ کو فتوی جاری کرنے کا کوئی اختیار حاصل نہیں، اس کا دائرہ کار صرف قرآن پاک کی طباعت اور اشاعت تک محدود ہے۔ درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ اس کے خلاف جاری فتوی کو کالعدم قرار دیا جائے اور ایف آئی اے کی جانب سے کی جانے والی تمام تحقیقات کو ختم کرنے کا حکم دیا جائے۔ عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔

