پشاور: محکمہ اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کی بڑی کامیابی ۔۔۔ مردان خیبر پختونخوا کی نجی ہاؤسنگ اسکیم میں چھاپہ مار کر افغانستان سے اسمگل ہونے والی منشیات کی بڑی مقدار قبضے میں لے لی۔
اے این ایف کے ترجمان کے مطابق مردان میں ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے اندر متعدد مقامات سے 426 کلو گرام چرس برآمد کی گئی۔ یہ منشیات افغانستان سے خیبرپختونخوا کے مقامی سہولت کاروں کی مدد سے منگوائی گئی تھیں اور مردان میں ذخیرہ کی گئی تھیں۔
سمگل شدہ منشیات کو تیرہ اور باڑہ کے راستے چھوٹی چھوٹی کھیپوں میں لایا گیا تھا، اور بعد میں انہیں ایک منظم بین الصوبائی نیٹ ورک کے ذریعے پورے ملک میں تقسیم کیا جانا تھا۔
تحقیقات سے معلوم ہوا کہ منشیات فروش تنظیم کے ارکان مردان کی معروف ہاؤسنگ سوسائٹی کو ڈمپنگ اور ذخیرہ کرنے کی جگہ کے طور پر استعمال کر رہے تھے۔
رپورٹ کے مطابق نگرانی کے دوران، اے این ایف کی سرویلنس ٹیموں نے مشکوک گاڑیوں کی نقل و حرکت کا مشاہدہ کیا اور کارروائی کے دوران اے این ایف نے ایک مشتبہ شخص کو اس وقت گرفتار کیا جب وہ اپنی گاڑی میں بڑی مقدار میں چرس لے جا رہا تھا۔ اس کی اطلاع پر متعدد گھروں پر چھاپے مارے گئے جہاں سے مزید منشیات برآمد کی گئیں۔
مجموعی طور پر 426 کلو گرام چرس اور چار گاڑیاں قبضے میں لے لی گئیں۔ نیٹ ورک کے باقی ارکان کی گرفتاری کی کوششیں جاری ہیں۔ برآمد شدہ منشیات کی بین الاقوامی مارکیٹ میں تخمینہ قیمت 22.4 ملین ڈالر ہے۔
اے این ایف کے ترجمان نے بتایا کہ اس سال ایسے 31 نیٹ ورکس کو ختم کیا گیا ہے جن میں منشیات کی سمگلنگ کے سات بڑے منظم گروپ بھی شامل ہیں۔ یہ کامیاب آپریشن ANF کی پیشہ ورانہ حکمت عملی، مضبوط انٹیلی جنس صلاحیتوں اور منشیات کے خلاف جنگ کے لیے غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
حکومت کی منشیات کے سمگلروں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی کے مطابق۔اے این ایف کی کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک ملک بھر سے منشیات کی لعنت کا خاتمہ نہیں ہو جاتا۔

