مظفرآباد: پیپلز پارٹی نے آزاد جموں و کشمیر کی وزارت عظمیٰ کے عہدے کے لیے فیصل ممتاز راٹھور کو امیدوار نامزد کرتے ہوئے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں وزیراعظم چوہدری انوار الحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کردی، تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے پر فیصل ممتاز راٹھور نئے وزیر اعظم ہونگے۔
پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر کے صدر چوہدری محمد یاسین نے جمعے کو سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے چیئرمین نے فیصلہ کیا ہے کہ پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے سیکریٹری جنرل فیصل راٹھور وزیراعظم کے عہدے کے لیے نامزد کیے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ ہم آج ہی عدم اعتماد کی تحریک پیش کرنے جا رہے ہیں، تو انشا اللہ اگلے چند دنوں میں آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کی حکومت قائم ہو جائے گی۔
راجا پرویز اشرف نے کہا کہ فیصل راٹھور پڑھے لکھے، نوجوان اور تجربہ کار رہنما ہیں اور اس سے قبل بھی اسمبلی کا حصہ رہ چکے ہیں۔
بعدازاں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں تحریک عدم اعتماد پیش کر دی گئی، عدم اعتماد کامیاب ہونے پر فیصل ممتاز راٹھور نئے وزیر اعظم ہوں گے۔

