راولپنڈی:قائد اعظم ٹرافی کے چھٹے راؤنڈ میں فیصل آباد نے لاہور وائٹس کو شکست دے دی۔ فاٹا کے خوشدل شاہ نے ڈبل سنچری اسکور کی جبکہ بہاولپور کے سعد خان نے ٹورنامنٹ میں اپنی تیسری سنچری مکمل کی۔
پی سی بی کے مطابق ڈائمنڈ گراؤنڈ میں کھیلے گئے چار روزہ میچ میں فیصل آباد نے لاہور وائٹس کو 4 وکٹوں سے ہرا دیا، لاہور وائٹس کی ٹیم اپنی دوسری اننگز صرف 81 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ خرم شہزاد نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ فیصل آباد کو جیت کے لیے 146 رنز کا ہدف ملا جو اس نے 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ فہیم الحق نے 42 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی۔ خرم شہزاد کو میچ میں 8 وکٹیں حاصل کرنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ شعیب اختر اسٹیڈیم راولپنڈی میں فاٹا نے ایبٹ آباد کے خلاف اپنی پہلی اننگز 687 رنز 7 کھلاڑی آئوٹ پر ڈکلیئر کر دی۔ خوشدل شاہ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 206 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں 24 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ ریحان آفریدی 50 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ کامران غلام نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
ایبٹ آباد نے کھیل کے اختتام پر 4 وکٹوں کے نقصان پر 113 رنز بنا لئے، شاہ زیب خان 45 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔ ملتان کی ٹیم اسلام آباد کی پہلی اننگز 333 رنز کے جواب میں 170 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور اسے فالو آن کی خفت کا سامنا کرنا پڑا، امام الحق 51 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ نقیب اللہ اور حنین شاہ نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔ فالو آن کے بعد ملتان نے دوسری اننگز میں بغیر نقصان کے 19 رنز بنا لئے۔ مرغزار گراؤنڈ میں کراچی بلوز کی ٹیم پشاور کے خلاف پہلی اننگز میں 391 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ سعود شکیل 93 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ عامر خان نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں پشاور کی ٹیم 165 رنز پر آؤٹ ہو گئی، اسرار اللہ نے 62 رنز بنائے۔ محمد عمر نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور 6 وکٹیں حاصل کیں۔ کراچی بلوز نے دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 24 رنز بنا لئے۔ ایبٹ آباد اسٹیڈیم میں بہاولپور نے سیالکوٹ کے خلاف اپنی پہلی اننگز 511 رنز 9 کھلاڑی آئوٹ پر ڈکلیئر کر دی۔
محمد سدیس نے 112، محمد عمار نے 166 اور سعد خان نے 155 رنز بنا کر ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کر دیا۔ سعد خان کی یہ ٹورنامنٹ میں تیسری سنچری ہے جس کے بعد ان کے مجموعی رنز 777 ہو گئے ہیں۔ حسن علی نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ سیالکوٹ نے کھیل کے اختتام پر بغیر کسی نقصان کے 41 رنز بنا لئے۔

