میامی ،فلوریڈا : “ بھارت کے تباہ ہونے والے طیارے 7 نہیں آٹھ تھے “امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستان اور انڈیا کے درمیان جنگ بندی کا کریڈٹ لیتے ہوئے کہا ہے کہ رواں برس مئی میں ہونے والی اس جنگ کے دوران بنیادی طور پر ’آٹھ طیارے‘ مار گرائے گئے۔ سات طیارے مکمل تباہ ہوگئے جبکہ 8 ویں طیارے کو انتہائی اور ناقابل تلافی نقصان پہنچا۔
امریکی صدر نے میامی میں امریکن بزنس فورم سے خطاب میں کہا:پاکستان اور انڈیا۔ آپ جانتے ہیں، میں دونوں کے ساتھ ایک تجارتی معاہدہ کرنے کے وسط میں تھا۔ پھر میں نے ایک مخصوص اخبار کے صفحۂ اول پر پڑھا، میں اس (اخبار) کا نام نہیں لینا چاہتا کیونکہ وہ عام طور پر جعلی خبریں دیتا ہے، لیکن میں نے سنا کہ وہ (پاکستان اور انڈیا) جنگ کرنے جا رہے ہیں۔
یادرہے بھارت نے رواں برس اپریل میں مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی علاقے پہلگام میں حملے کو جواز بنا کر چھ اور سات مئی کی درمیانی شب پاکستان کے مختلف مقامات پر حملے کیے تھے، جس کا پاک افواج نے بھرپور جواب دیا اور بالآخر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی میں دونوں ممالک 10 مئی کو جنگ بندی پر متفق ہو گئے۔
پاکستان نے اس چار روزہ جنگ کے دوران تین رفال سمیت انڈیا کے پانچ طیارے مار گرانے کا دعویٰ کیا جبکہ انڈین عسکری حکام نے بھی اپنے ’کچھ‘ طیاروں کے گرنے‘ کا اعتراف کیا تھا، لیکن کسی بھی انڈین عہدیدار نے اب تک درست تعداد نہیں بتائی۔
تاہم اب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انڈیا پاکستان کشیدگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا: ’سات یا آٹھ طیارے مار گرائے گئے۔ آٹھ طیارے بنیادی طور پر مار گرائے گئے۔ میں نے کہا، ہم آپ سے کوئی معاہدہ نہیں کر سکتے، اگر آپ ایک دوسرے کے ساتھ جنگ کر رہے ہوں۔

