لاہور: (رپورٹ:ملک ظہیر )صوبہ پنجاب میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے ایک ماہ کے دوران انٹیلی جنس بنیاد پر ہونے والی کارروائیوں میں کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 18 دہشت گرد گرفتار کرکے ایک بڑے دہشت گردانہ منصوبے کو ناکام بنا دیا ہے۔ سی ٹی ڈی ترجمان نے آج اس کامیابی کی تفصیلات جاری کیں۔
ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی پنجاب نے مختلف اضلاع میں مجموعی طور پر 386 انٹیلی جنس یا سرچ کارروائیاں انجام دیں جن میں 386 مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی گئی اور نتیجتاً 18 مرکزی دہشت گردوں کو اسلحہ، دھماکہ خیز مواد اور دیگر ممنوعہ اشیاء کے ساتھ گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزمان میں محمد کریم، علی رضا، محمد عزیز، محمد علی، ہاشم، نور الامین، سلیم، صدام وغیرہ شامل ہیں۔ ابتدائی تفتیش سے ظاہر ہوا ہے کہ یہ ملزمان کالعدم تنظیم ‘فتنہ الخوارج’ اور دیگر دہشت گرد تنظیموں سے منسلک تھے۔
گرفتار دہشت گرد مختلف شہروں سے پکڑے گئے جن میں لاہور، منڈی بہاؤالدین، خوشاب، بہاولپور، ٹوبہ ٹیک سنگھ، گجرانوالہ، ناروال اور پاکپتن شامل ہیں۔ دہشت گردوں کے قبضے سے مندرجہ ذیل سامان برآمد ہوا ہے جس میں دھماکہ خیز مواد: 3020 گرام ڈیٹونیٹرز، 14 سیفٹی فیوز وائر: 33 فٹ ،ای آئی ڈی بم، کالعدم تنظیم کے پمفلٹ: 151 میگزین، پرائم کارڈ، موبائل فونز اور نقدی بھی برآمد ہوئی۔
سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ملزمان نے کئی شہروں میں اہم عمارتوں اور حساس اہداف کو نشانہ بنانے کا منصوبہ بنایا ہوا تھا، جسے بروقت کارروائیوں کے ذریعے ناکام بنایا گیا۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ گرفتار دہشت گردوں کے خلاف 18 مقدمات درج کر کے ان سے مزید تفتیش جاری ہے۔
علاوہ ازیں، ترجمان نے بتایا کہ اسی ایک ماہ کے دوران مقامی پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے تعاون سے 4,601 کومبنگ آپریشنز کیے گئے، 109,892 افراد چیک کیے گئے، 320 مشتبہ افراد گرفتار کیے گئے، 314 ایف آئی آرز درج کی گئیں اور 282 چیزیں یا افراد بازیاب کرائے گئے۔ سی ٹی ڈی پنجاب نے کہا: "کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ پنجاب مستعدی کے ساتھ محفوظ پنجاب کے اپنے ہدف پر گامزن ہے اور دہشت گردوں و ریاست دشمن عناصر کو قانون کے مطابق سزائیں دلوانے کے لیے کسی بھی سطح پر کاروائی جاری رہے گی۔مزید تفتیش اور قانونی کارروائیوں کے لیے مقدمات متعلقہ تھانوں اور انسدادِ دہشت گردی کی عدالتوں میں منتقل کیے جائیں گے، جبکہ تفصیلی رپورٹس اور ایف آئی آرز کے مطابق آئندہ مراحل میں عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔

