ملتان:ملتان یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور لیجنڈ انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز کے طلباء و اساتذہ نے ملتان گیریژن کا دورہ کیا۔ طلبہ و طالبات نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور وطنِ عزیز کے لیے جان نثار کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
دورے کے دوران طلبہ کو اسالٹ کورس، فائرنگ کے عملی طریقہ کار اور جدید ٹینکوں سمیت دیگر دفاعی آلات کے بارے میں تفصیلی آگاہی دی گئی۔ اس موقع پر پاک فوج کے افسران نے طلبہ کو دفاعی تیاریوں، ٹریننگ کے مراحل اور جدید عسکری صلاحیتوں سے روشناس کرایا۔
اس دورے کا مقصد سول اور ملٹری تعلقات میں ہم آہنگی اور اعتماد کو مزید فروغ دینا تھا۔ طلبہ و طالبات نے کہا کہ پاک فوج کی قربانیاں ملک میں امن و استحکام کی ضمانت ہیں۔
طالب علموں اور اساتذہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم شہداء کے عظیم والدین کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنے بیٹے اس وطن پر قربان کیے۔ایک طالبہ نے کہا کہ میں پاک فوج کی شکر گزار ہوں جن کی قربانیوں سے آج ہم آزاد فضاؤں میں سانس لے رہے ہیں۔
دوسری طالبہ نے کہا کہ آج پاک فوج نے ہمیں اپنی مختلف عملی مشقیں اور جدید دفاعی آلات کا شاندار مظاہرہ دکھایا۔پاک فوج ہر دشمن کا بہادری سے مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، جس کی واضح مثال آپریشن بنیان المرصوص ہے۔
طلبہ و طالبات کا کہنا تھا کہ اگر مستقبل میں کوئی پاکستان کے خلاف آنکھ اٹھائے گا تو پاک فوج اسے بھرپور اور کڑا جواب دے گی۔ایک طالب علم کے مطابق پاک فوج کا اصل امتیاز اس کا اعلیٰ اور غیر معمولی پیشہ ورانہ معیار ہے۔
اساتذہ نے کہا کہ پاکستان آرمی کے جوان بے لوث جذبے سے وطن کے دفاع میں مصروف عمل ہیں، طلبہ و اساتذہ بہادر فوجی جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں اور ان کے جذبۂ قربانی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔

