ایببٹ آباد :پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے جمعہ کو دوبارہ واضح کیا ہے کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی بیرونی جارحیت کا’سخت اور فیصلہ کن‘ انداز میں جواب دیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع ایبٹ آباد کی جامعات کے طلبہ اور اکیڈمک حضرات سے خطاب میں لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ ’افواج پاکستان دفاع وطن کے عہد کی پابند ہیں اور کسی بھی بیرونی جارحیت کا جواب سخت اور فیصلہ کن انداز میں دیا جائے گا‘۔
لیفٹیننٹ جنرل چوہدری نے کہا کہ ’پاکستان نے دہشت گردی اور فتنۃ الخوارج کے خلاف مؤثر اقدامات کیے ہیں‘۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ملاقات کے دوران لیفٹیننٹ جنرل احمد چوہدری نے موجودہ سیکیورٹی صورتحال، پاکستان اور افغانستان کے تعلقات اور ’معرکۂ حق‘ پر بھی گفتگو کی، اور حاضرین نے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
پاکستان آرمی نے اپریل 22 کو پہلگام حملے سے لے کر 10 مئی تک آپریشن ’بنیان مرصوص‘ کے خاتمے تک کی مدت کو ’معرکۂ حق‘ کا نام دیا ہے۔
حاضرین میں موجودہ ہزارہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر اکرام اللہ خان نے مسلح افواج کے کردار کی تعریف کی اور ان کے ساتھ کھڑے رہنے کا عزم ظاہر کیا، انہوں نے کہا کہ ’پاک فوج کا عزم ان کی حب الوطنی کی علامت ہے‘۔
ڈاکٹر اکرام اللہ خان کا کہنا تھا کہ ’دہشت گرد عناصر ہماری نوجوان نسل کو گمراہ کرنے کی سازش کر رہے ہیں،‘ اور اس صورتحال میں ’صحیح اور قابلِ اعتماد معلومات‘ کی فراہمی کی ضرورت پر زور دیا۔
بیان کے مطابق طلبہ و اساتذہ نے بھی ملتے جلتے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر سے ملاقات نے ان کے ذہن میں پاک فوج اور قومی و صوبائی حالات کے بارے میں پائی جانے والی غلط فہمیوں کو دور کرنے میں مدد کی۔
 
		
 
									 
					