کوالالمپور:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آسیان سمٹ میں شرکت کےلئے ملائیشیا پہنچ گئے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا پاکستان اور افغانستان میں کشیدگی ہے لیکن یہ جلد حل ہوگا،پاکستان کے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل بہترین انسان ہیں۔جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم ‘آسیان’ کا 47واں سربراہی اجلاس ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں شروع ہوگیا ہے۔اجلاس میں شرکت کے لیے عالمی و علاقائی رہنماء کوالالمپور پہنچ رہے ہیں۔
شرکا میں امریکا، جنوبی افریقہ، برازیل، جنوبی کوریا کے صدور، چین، جاپان، آسٹریلیا، کینیڈا اور نیوزی لینڈ کے وزرائے اعظم شامل ہیں۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اجلاس میں شرکت کے لیے کوالالمپور پہنچےتو ان کا ریڈ کارپٹ استقبال کیا گیا۔
اس دوران صدر ٹرمپ نے روایتی انداز میں رقص کیا اور اپنے ہاتھوں سے امریکا اور ملائشیا کے پرچم لہرا کر خوشی کا اظہار کیا۔
آسیان اجلاس میں ساؤتھ چائنا سی کی صورتحال، بڑھتی امریکہ-چین مسابقت اور غزہ کی صورتحال پر گفتگو کا امکان ہے۔جبکہ جنوبی کوریا میں چینی ہم منصب شی جن پنگ سے ملاقات بھی شیڈول ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تھائی لینڈ اورکمبوڈیا میں جنگ بندی معاہدے پر دستخط کی تقریب سے خطاب کہا پاکستان اورافغانستان دونوں کو جانتا ہوں،وہ معاملہ جلد حل کر لیں گے،،پاکستان کے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل بہترین انسان ہیں۔آٹھ ماہ میں آٹھ جنگیں رکوائیں، اب دنیا میں صرف ایک جنگ رہ گئی ہے۔
امریکی صدرکا کہنا ہےکہ ملائیشیا مبصرین تعینات کرے گا،کمبوڈیا اورملائیشیا کے ساتھ تجارتی معاہدوں کا اعلان کرنےکا ارادہ رکھتے ہیں،تھائی لینڈ اورکمبوڈیا کی لڑائی کو روکا،دونوں فریق تمام لڑائیاں ختم کرنےپر راضی ہیں، 18 کمبوڈیا جنگی قیدیوں کو رہا کیا جائے گا۔
غبرملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے رہنماؤں نے اتوار کے روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی موجودگی میں ایک جامع جنگ بندی معاہدے پر دستخط کیے۔ ٹرمپ نے جولائی میں مداخلت کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان جاری پانچ روزہ خونریز سرحدی تنازع کو ختم کرانے میں کردار ادا کیا تھا۔
یہ معاہدہ امریکی صدر کی کوالالمپور آمد کے فوراً بعد آسیان کے سربراہی اجلاس کے موقع پر طے پایا۔
نیا معاہدہ اس جنگ بندی کو مزید مضبوط بناتا ہے جو 3 ماہ قبل اس وقت ہوئی تھی جب ٹرمپ نے دونوں ممالک کے اُس وقت کے رہنماؤں سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور انہیں دشمنی ختم کرنے یا واشنگٹن کے ساتھ اپنے تجارتی مذاکرات معطل ہونے کے خطرے سے آگاہ کیا تھا۔
بعدازاں، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کمبوڈیا کے ساتھ باہمی تجارت کے امریکی معاہدے اور تھائی لینڈ کے ساتھ اہم معدنیات سے متعلق معاہدے پر دستخط کر دیے۔

