لاہور:(حافظ نعیم سے )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق صوبہ بھر میں بے ہنگم اربن ڈویلپمنٹ اور ماسٹر پلان کی خلاف ورزی پر پابندی عائد کر دی گئی۔سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل کی زیر صدارت اہم اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیز کی منظوری ضلعی ماسٹر پلانز کے مطابق ہی دی جا سکے گی، جبکہ ماسٹر پلان کے بغیر آنے والی درخواستیں وصول نہیں کی جائیں گی۔
اجلاس میں تمام ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کے ڈائریکٹر جنرلز، ڈی جی پھاٹا اور سی ای او روڈا کو حکمنامہ جاری کر دیا گیا۔سیکرٹری ہاؤسنگ نے کہا کہ سوسائٹیز کی منظوری سے قبل مطلوبہ احتیاطی جانچ پڑتال کرنا اداروں کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ ماسٹر پلان کی خلاف ورزی کے باعث گرین ایریاز تباہ ہوتے ہیں اور تمام ادارے اپنے ماسٹر پلانز کے اطلاق کو یقینی بنانے کے پابند ہیں۔
ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق ماسٹر پلان کی خلاف ورزی بے ہنگم اربن ڈویلپمنٹ کا باعث بنتی ہے۔ترجمان نے کہا کہ پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیز کو ریگولیٹ کرنے کے لیے جامع پلاننگ جاری ہے اور قوانین کے اطلاق سے گرین ایریاز کو بچانے میں مدد ملے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ گرین ایریاز کی تباہی سے سموگ اور ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ ہوتا ہے، جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

