راولپنڈی:سکیورٹی فورسز نے مصدقہ خفیہ اطلاع پر شمالی وزیرستان کےعلاقے جھلرمیں ایک بڑا دہشت گردی کرنے کا منصوبہ ناکام بنا دیا اور علاقے کوممکنہ بڑی تباہی سے بچا لیا۔ بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے فتنہ الخوارج کے دہشت گرد ایک گاڑی میں خودکش حملہ کرنے کے لیے دھماکہ خیز مواد تیار کر رہے تھے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مصدقہ انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر معلوم ہوا کہ بھارتی پراکسی تنظیم "فتنہ الخوارج” سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد ایک خودکش حملے کی تیاری کر رہے ہیں۔ اس اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے ”جھلر” میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائی کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے دوران فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا اور نہایت مہارت کے ساتھ کارروائی کرتے ہوئے اس گاڑی کو تباہ کردیا جو خودکش حملے کے لیے تیار کی جارہی تھی۔ فائرنگ کے تبادلے میں تین بھارتی حمایت یافتہ خوارج ہلاک ہوگئے۔آئی ایس پی آر کاکہناہے کہ علاقے میں کسی بھی دیگر بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد کو ختم کرنے کے لئے سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے ۔
آئی ایس پی آر کاکہناہے کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے "عزمِ استحکام” کے ویژن کے تحت انسدادِ دہشت گردی کی مہم کو بھرپور انداز میں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس مہم کا مقصد ملک سے بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کو یقینی بنانا ہے۔ ہمارے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں قوم کے عزم و حوصلے کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔

