راولپنڈی :پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے آپریشنل تیاریوں اور جنگی صلاحیتوں کا جائزہ لینے کے لیے کریکس ایریا میں اگلے مورچوں کا دورہ کیا ۔نیول چیف نے کہاکہ سریکس سے جیوانی تک اپنی خودمختاری اور اپنی بحری حدود کے ہر انچ کا دفاع کیسے کرنا ہے ۔ پاک بحریہ کی دفاعی صلاحیتیں ہمارے عزم کی طرح مضبوط ہیں جو ساحل سے لیکر سمندر تک پھیلی ہوئی ہیں ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس دورے کے دوران پاک میرینز میں تین جدید ترین 2400ٹی ڈی ہوور کرافٹس بھی شامل کی گئیں ۔یہ جدید ترین ہوور کرافٹس ایک ساتھ مختلف سطحوں پر کام کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے جن میں گہرے پانی ، ریت کے ٹیلے، دلدلی اور کیچڑ زدہ ساحلی علاقے شامل ہیں ۔
آئی ایس پی آر کاکہناہے کہ یہ ان علاقوں میں بھی چل سکتی ہیں جہاں روایتی کشتیاں سفر نہیں کر سکتیں ۔ دشمن کو موثر اور فیصلہ کن ردعمل کے لیے یہ ہوور کرافٹس پاک بحریہ کی آپریشنل صلاحیتوں کو تقویت دیں گی ۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نیول چیف نے کہا کہ ان جدید ترین ہوور کرافٹس کا شامل کیا جانا پاک بحریہ کی ملکی ساحلی حدود خاص طور پر کریکس ایریا کی دفاعی استعداد کو مضبوط بنانے کے عزم کی تجدید ہے ۔ ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ سریکس سے جیوانی تک اپنی خودمختاری اور اپنی بحری حدود کے ہر انچ کا دفاع کیسے کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ پاک بحریہ کی دفاعی صلاحیتیں ہمارے عزم کی طرح مضبوط ہیں جو ساحل سے لیکر سمندر تک پھیلی ہوئی ہیں ۔
نیول چیف نے مزید کہا کہ سمندری مواصلاتی لائنوں اور بحری سلامتی محض ایک فوجی ضرورت نہیں بلکہ یہ ہماری قوم کی خودمختاری کی بنیاد اور معاشی خوشحالی کا ایک اہم ستون ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ بحر ہند کے خطے میں امن اور استحکام کا ہراول دستہ ہے اور علاقائی میری ٹائم سیکورٹی میں ایک اہم اسٹیک ہولڈر ہے

