راولپنڈی :فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے قاہرہ میں مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات کی ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اتحادیہ صدارتی محل میں ہونے والی ملاقات میں پاکستان اور مصر کے درمیان دیرینہ ، تاریخی اور برادرانہ تعلقات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خطے میں امن و استحکام کے لیے مصری قیادت کے کلیدی کردار کی تعریف کی ۔ مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے دنیا اور امت مسلمہ کو درپیش اہم چیلنجز میں پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا۔دونوں رہنماؤں نے باہمی سٹریٹجک تعاون بڑھانے اور عوام سے عوام کے درمیان تعلقات مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔
ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان تمام شعبوں خاص طور پر سماجی و اقتصادی، ٹیکنالوجی اور سکیورٹی کے امور میں تعاون بڑھانے کے باہمی جذبے کا اظہار کیا گیا۔فریقین نے خطے میں امن و استحکام اور سلامتی کے لیے جامع سکیورٹی ڈائیلاگ کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

