مردان:ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے مردان کی مختلف یونیورسٹیوں اور مدارس کے اساتذہ اور طلبہ سے ایک خصوصی نشست میں ملاقات کی، جس میں معرکہ حق، حالیہ پاک افغان کشیدگی اور سیکیورٹی صورتحال سمیت مختلف اہم موضوعات پرتفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس خصوصی نشست میں عبدالولی خان یونیورسٹی، وویمن یونیورسٹی مردان، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے علاوہ مختلف مدارس کے اساتذہ اور طلبہ نے شرکت کی۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی اور خوارج کے خلاف مؤثر اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دشمن کی کسی بھی جارحیت کے مقابلے میں پاک فوج اور عوام سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوں گے۔
نشست کے دوران اساتذہ اور طلبہ نے غازیوں اور شہداء کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ اساتذہ نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی گفتگو سے پاک فوج کے بارے میں کئی ابہامات دور ہوئے ہیں ۔قوم امن، استحکام اور ترقی کے لیے پاک فوج کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
طلبہ نے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا کے نوجوان ملکی سلامتی اور استحکام کے حصول میں پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ہمیں اس نشست کے ذریعے یہ سمجھنے کا موقع ملا کہ کس طرح ملک دشمن عناصر سوشل میڈیا پر افواجِ پاکستان اور ریاستی اداروں کے خلاف پروپیگنڈا کرتے ہیں۔ اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اپنی افواج کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر ملک کی خدمت کریں۔

