اسلام آباد:وفاقی حکومت نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) پر پابندی عائد کرتے ہوئے اسے کالعدم تنظیم قرار دے دیا۔
وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ٹی ایل پی کو انسدادِ دہشت گردی ایکٹ 1997 کے سیکشن 11-بی ذیلی شق (1-اے) کے تحت فرسٹ شیڈول میں شامل کر دیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت سمجھتی ہے کہ تحریک لبیک پاکستان دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث ہے۔
حکومت کی جانب سے ٹی ایل پی پر پابندی کے حوالے سے نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیاہے، جس کے تحت کالعدم تنظیم پر سرگرمیاں کرنے پر پابندی ہوگی۔وزارت داخلہ کے مطابق ٹی ایل پی کو انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت کالعدم قرار دیا گیا ہے، جس کے بعد اب وزارت داخلہ کی رپورٹ وزرات قانون کو بھجوائی جائے گی۔ وزرات قانون ریفرنس تیار کر کے سپریم کورٹ میں جمع کرائے گی۔
واضح رہے کہ وفاقی کابینہ نے کل پنجاب حکومت کی سفارش پر ٹی ایل پی پر پابندی عائد کرنے کی منظوری دی تھی۔
یہ فیصلہ وفاقی کابینہ نے پنجاب حکومت کی سفارش پر کیا، جس نے 13 اکتوبر کو مریدکے میں احتجاج کے دوران پولیس افسران اور اہلکاروں کی شہادت کے بعد تنظیم پر پابندی کی سفارش کی تھی۔