اسلام آباد :پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے ایک بڑی کارروائی میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے مرکزی رہنما حافظ گل بہادر کو ہلاک کر دیا ہے۔
باوثوق ذرائع کے مطابق حافظ گل بہادر افغانستان کے صوبہ خوست کے علاقے ارگون میں 17 اور 18 اکتوبر 2025 کی درمیانی شب ہونے والی کاروائی میں مارا گیا۔کارروائی کے دوران اس کی شوریٰ کے کئی اہم ارکان بھی ہلاک ہوئے ہیں۔ذرائع کے مطابق گل بہادر کو ہلاکت کے بعد اسی رات خفیہ طور پر دفنا دیا گیا۔
یہ کارروائی پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث نیٹ ورکس کے لیے ایک فیصلہ کن دھچکہ قرار دی جا رہی ہے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان نے شمالی اور جنوبی وزیرستان کے سرحدی علاقوں میں افغان حدود کے اندر موجود خارجی حافظ گل بہادر گروپ کے کیمپوں پر ٹھوس خفیہ معلومات کی بنیاد پر حملے کیے۔
مصدقہ انٹیلی جنس ذرائع کے مطابق ان حملوں میں حافظ گل بہادر گروپ کی قیادت سمیت 60 سے 70 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ افغانستان سے سرگرم یہ دہشت گرد پاکستان کے اندر متعدد حملے کرنے کی کوشش کر رہے تھے، تاہم سیکیورٹی فورسز نے ان عزائم کو ناکام بنا دیا۔

