اسلام آباد :(حافظ نعیم سے )پاکستان نے پہلا ہائپر اسپیکٹرل سیٹلائٹ کامیابی سے لانچ کردیا۔ ہائپرل اسپیکٹرل ایمجنگ سیٹلائٹ ایچ ایس ون 130 بینڈ پر مشتمل ہے۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق پاکستان نے پہلا ہائپر اسپیکٹرل سیٹلائٹ کامیابی سے لانچ کر دیا، سپارکو نے چین کے سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے ایچ ایس 1کامیابی سے لانچ کیا۔ یہ جدید سیٹلائٹ جدید ترین ہائپر اسپیکٹرل امیجنگ ٹیکنالوجی سے لیس ہے۔
سیٹلائٹ سیکٹروں اسپیکٹرل بینڈزمیں انتہائی درست معلومات جمع کرنے کی صلاحیت رکھتاہے، ایچ ایس ون سےزمین کے استعمال، فصلوں، آبی وسائل، شہری ترقی کا درست تجزیہ ممکن ہوگا۔
بیان کے مطابق ایچ ایس1 کاکامیاب لانچ پاکستان کےخلائی پروگرام میں نیا باب ہے، نائب وزیراعظم اسحاق ڈارنےپاکستانی اورچینی سائنسدانوں اور تکنیکی ماہرین کو سراہا۔
سپارکو میں پاکستان کے پہلے ہائپر اسپیکٹرل امیجنگ سیٹلائٹ کی لانچنگ تقریب سے خطاب میں سیکرٹری اسپیس ٹیکنالوجی بریگیڈیئر آفتاب نے کہا کہ آج پاکستان کا اسپیس کے شعبے میں تاریخی دن ہے، یہ سیٹلائٹ زمین کے ہر زرے کا مشاہدہ کرے گا۔ یہ ٹیکنالوجی ماحولیاتی نگرانی جنگلات کی کٹائی اورشہروں کی توسیع میں معاون ہوگی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی پاکستانی خلائی سائنسدانوں ، انجنئیرز کو مبارک باد، چین کا شکریہ
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی چینی راکٹ لیجیان-1 کے ذریعے پاکستان کے سیٹلائیٹ کے زمین کے مدار میں کامیابی سے بھیجے جانے پر پاکستانی خلائی سائنسدانوں و انجینئیرز کی پزیرائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کا باقی شعبوں کی طرح خلائی تحقیق میں تعاون مثالی اور کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔اس مثالی تعاون کیلئے اپنے عظیم و دیرینہ دوست اور اسٹریٹجک شراکت دار چین کے مشکور ہیں. پاکستانیوں کے دل چینی قیادت و چینی عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں. وزیرِ اعظم
ان کا کہنا تھا کہ خلاء میں بھیجا جانے والا سیٹلائیٹ پاکستان کو ماحولیاتی تبدیلیوں اور جغرفیائی تغیر کے بارے تحقیق میں مدگار ثابت ہوگا. موسمیاتی تبدیلیوں کے مضر اثرات سے مقابلہ کرنے میں یہ پیش رفت ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی. سیٹلائٹ سے زراعت، ماحولیاتی نگرانی، شہری منصوبہ بندی اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ جیسے شعبوں میں قومی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ ہوگا۔

