راولپنڈی:لکی مروت کے علاقے سلطان خیل میں سکیورٹی فورسز نے بڑی کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 8 خوارجی جہنم واصل کر دیئے، گزشتہ چار روز میں افغان طالبان کے بھیجے گئے 102 خوارج جہنم واصل کئے جا چکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق 16 اکتوبر 2025 کو لکی مروت کے علاقے سلطان خیل میں پاک فوج نے انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر ایک کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 8 انتہائی مطلوب خوارجین کو جہنم واصل کر دیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق علاقے میں افغان طالبان کی پراکسی خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔
فورسز نے سلطان خیل اور طوفان والا کے علاقوں میں فضائی اور زمینی نگرانی شروع کی،نگرانی کے دوران خوارج کی نقل و حرکت کی نشاندہی ہونے پر فوری کارروائی کی گئی، آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارود بھی برآمد ہوا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ چار روز میں افغان طالبان کے بھیجے گئے 102 خوارج جہنم واصل کئے جا چکے ہیں۔ نیشنل ایکشن پلان کے تحت عوام اور سکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف بلا امتیاز اور مسلسل کارروائیاں جاری ہیں۔
 
		
 
									 
					