راولپنڈی:بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے خوارج نے 10 اور 11اکتوبر 2025 کی رات ایک بزدلانہ دہشت گردانہ حملے میں پولیس ٹریننگ اسکول کو نشانہ بنایا تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے چوکس اور پختہ عزم کے ساتھ ردعمل نے ان کے ناپاک عزائم کو فوری طور پر ناکام بنا دیا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حملہ آوروں نے حفاظتی حصار کو توڑنے کی کوشش کی،تاہم اس میں ناکامی پر حملہ آوروں نے دھماکہ خیز مواد سے بھری ایک گاڑی کو گیٹ سے ٹکرایا۔پولیس اہلکاروں نے بے مثال ہمت اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے حملہ آوروں کا مقابلہ کیا اور بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 3 خوارج کو جہنم واصل کر دیا۔
باقی دو حملہ آوروں کو ایک عمارت کے کمپلیکس میں گھیر لیا گیا،جنہیں بعد میں سیکورٹی فورسز نے ایک منظم کلیئرنس آپریشن میں درست نشانہ بنا کر جہنم واصل کیا۔اس شدید فائرنگ کے تبادلے میں ٹرینیروں سمیت 6 اہلکاروں نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا جبکہ 12 پولیس اہلکار اور ایک معصوم شہری بھی زخمی ہوئے۔ اس گھناؤنے حملے کے دوران خوارج نے اسکول کمپلیکس کے اندر موجود مسجد پر حملہ کیا اور نہ صرف مقدس عبادت گاہ کی بے حرمتی کی بلکہ امام مسجد کو، جوامامت کے فرائض سرانجام دے رہے تھے، ایک معصوم شہری کو وحشیانہ طور پر شہید کر دیا۔
علاقے میں کلیئرنس آپریشنز جاری ہے اور اس گھناؤنے اور بزدلانہ عمل کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز پاکستانی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر قوم کے ساتھ شانہ بشانہ ملک سے بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پختہ عزم رکھتی ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں اور معصوم شہریوں کی ایسی قربانیاں ہمارے وطن کی حفاظت کے لیے ہمارے اٹل عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
 
		
 
									 
					