اسلام آباد +لاہور:وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تحریکِ لبیک پاکستان کے مارچ کے پیشِ نظر شہر کے داخلی اور خارجی راستے بند ہیں جبکہ موبائل انٹرنیٹ سروس بھی معطل ہے۔
وزارت داخلہ نے راولپنڈی اور اسلام آباد میں موبائل انٹرنیٹ سروس معطل کرنے کے لیے پی ٹی اے کو مراسلہ جاری کیا تھا۔
مراسلے میں کہا گیا تھا کہ جڑواں شہروں میں موبائل انٹرنیٹ سروس گزشتہ رات 12 بجے سے غیر معینہ مدت کے لیے معطل رہے گی۔
گذشتہ روز راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ نے شہر میں 11 اکتوبر تک دفعہ 144 نافذ کر دی تھی۔
دوسری طرف لاہور شہر میں جمعرات کو صورتحال مسلسل کشیدہ رہی کیونکہ پولیس اور تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے درمیان جھڑپوں میں کئی افراد زخمی ہو گئے تھے، جن میں تقریباً ایک درجن پولیس اہلکار بھی شامل تھے
ملتان روڈ پر واقع تنظیم کے مرکز کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا اور شہر کے داخلی و خارجی راستے سیل کر دیے۔
دوسری جانب اسلام آباد میں بھی انتظامیہ نے داخلی راستوں پر کنٹینرز لگا دیے تاکہ مظاہرین کو دارالحکومت میں داخل ہونے سے روکا جا سکے، اسی دوران، اسلام آباد میں 100 سے زائد ٹی ایل پی کارکنوں کو گرفتار بھی کر لیا گیا۔

