سیالکوٹ :ایف آئی اے نے سیالکوٹ ائیر پورٹ پر کارروائی کرکے جعلی دستاویزات کی بنا پر 2 مسافروں کو گرفتار کرلیا ہے ۔ایف آئی اے ترجمان کے مطابق جعلی دستاویزات اور وزٹ ویزے کی آڑ میں غیر قانونی سمندر کے راستے یورپ جانے کی کوشش کرنے والے 2 مسافروں کو آف لوڈ کردیا گیا۔گرفتار ملزمان میں محمد سلیم اور طورنگ خالد شامل ہیں، ملزم طورنگ خالد فلائٹ نمبر کیو آر631 کے ذریعے ورک ویزے پر سائپرس جا رہا تھا ،ملزم کے پاسپورٹ پر سائپرس کا جعلی ویزا لگا ہوا تھا،
ملزم کے پاسپورٹ پر جعلی پروٹیکٹر اسٹمپ لگی ہوئی تھی ، ملزم نے پسرور کے رہائشی ایجنٹ کو مجموعی طور پر 22 لاکھ روپے ادا کئے، جبکہ ملزم محمد سلیم فلائٹ نمبر ایف زیڈ338 سے وزٹ ویزے پر تاجکستان جا رہا تھا،ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم نے غیر قانونی سمندر کے راستے یورپ جانا تھا،ملزمان نے تاجکستان سے بعد ازاں لیبیا کے سمندری راستے سے غیر قانونی یورپ جانا تھا،
ملزم نے گجرانوالہ کے رہائشی ایجنٹ کو مجموعی طور پر 35 لاکھ روپے ادا کئے، گرفتار ملزمان ایجنٹوں سے رابطے میں تھے ،ترجمان کے مطابق ملزمان کو بعد ازاں مزید کارروائی اور ایجنٹوں کی نشاندہی کے لیے کمپوزٹ سرکل گوجرنوالہ منتقل کر دیا گیا ہے۔

