لاہور : (حافظ نعیم سے ) وزیراطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب نے ہمیشہ ایک بڑے بھائی کا کردار ادا کیا ہے، لیکن جب پنجاب پر مشکل وقت آیا تو اس پر سیاست کی گئی۔
ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات کا کہناتھاکہ دماغی طور پر کچھ فارغ لوگوں کے بیانات میں کہا گیا کہ کدھر ہیں 90 ہزار گھر ہمیں تو کوئی نہیں ملا۔ بھئی یہ گھر ملنے کیلیے نہیں اور نہ یہاں گھر بکتے ہیں نہ سولر پروگرام بکتے ہیں۔پنجاب میں اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کا ایک طریقہ کار ہے جس کے تحت 90 ہزار گھر لوگوں نے بنائے۔
انہوں نے کہا کہ سول ڈیفینس کے ملازمین کیلیے وزیراعلیٰ مریم نواز نے 15 ہزار روپے تنخواہوں میں اضافے کا اعلان کیا ہے کیونکہ تمام لوگوں نے سیلابی صورتحال میں دن رات ایک کرکے عوامی خدمت کو یقینی بنایا۔سیلابی صورتحال میں 174 سانپ کاٹنے کے واقعات ہوئے لیکن مجھے یہ بتانے میں بہت خوشی ہے کہ بروقت اقدامات کی بدولت کسی بھی انسانی جان کا ضیاع سانپ کاٹنے کے باعث نہیں ہوا۔

