بیجنگ : دنیا کا سب سے طویل ترین پل ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا چین کے صوبہ گُوئیژو میں واقع ہواجیانگ گرینڈ کینین برجریائے بیپان کے اوپر 2,050 فٹ کی بلندی پر واقع ہے اور تقریباً 4,600 فٹ طویل ہے۔
رپورٹ کے مطابق ہوا جیانگ گرینڈ کینین پل 28 ستمبر کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا، پل کی تعمیر میں ساڑھے تین سال لگے اور یہ پل سابقہ ریکارڈ ہولڈر بیپان جیانگ برج کو پیچھے چھوڑ گیا۔
یہ پل مقامی آبادی کے لیے آمدورفت کا وقت دو گھنٹے سے گھٹا کر صرف دو منٹ کر دیتا ہے۔ حکومت کے مطابق اس سے نہ صرف روزمرہ زندگی میں آسانی آئے گی بلکہ سیاحت اور مقامی معیشت کو بھی فروغ ملے گا۔
پل کی ایک پائل پر دنیا کے بلند ترین کیفے میں سے ایک بنایا گیا ہے، جہاں سیاح ہائی اسپیڈ لفٹ کے ذریعے پہنچ کر 2,600 فٹ کی بلندی پر کافی سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ بَن جی جمپنگ اور 1,900 فٹ اونچی شیشے کی واک وے جیسی مہم جوئی کی سہولیات بھی موجود ہیں۔
ماہرین کے مطابق گُوئیژو کے دشوار گزار پہاڑی علاقے اور گہری وادیوں کی وجہ سے ایسے پل نہ صرف انجینئرنگ کا کمال ہیں بلکہ مقامی آبادی کے لیے زندگی بدل دینے والے منصوبے بھی ثابت ہو رہے ہیں۔

