خیبرپختونخوا کے ضلع کرک میں سیکیورٹی فورسز اور پولیس کے آپریشن میں17 بھارتی اسپانسرڈ خوارج کو ہلاک کردیا گیا جن کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گرشتہ رات سیکیورٹی فورسز نے بھارتی خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع لکی مروت میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا۔
ضلع کرک میں تھانہ شاہ سلیم کے علاقے درشہ خیل میں سیکیورٹی فورسز اور پولیس نے فتنہ الخوارج کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ضلع لکی مروت اور کرک کی باؤنڈری پر موجود علاقے میں ملا نذیر گروپ کے علاقے میں موجودگی کے اطلاع پر کیا گیا، 22 خوارج پر مشتمل گروہ کو درشہ خیل میں باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت گھیرے میں لیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق فتنہ الخوارج کے گرد انتہائی مہارت سے گھیرا تنگ کر کے نشانہ بنایا گیا، آپریشن کے دوران 17 بھارتی اسپانسرڈ خوارج کو ہلاک کیا گیا، ہلاک ہونے والے خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ ہلاک خوارج سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں اور بے گناہ شہریوں کے قتل میں بھی سرگرم رہے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی دوسرے بھارتی خارجی کو ختم کرنے کے لیے آپریشن کیا جا رہا ہے جب کہ سیکورٹی فورسز ملک سے بھارتی سپانسر شدہ دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ آپریشن مکمل ہونے کے بعد علاقے سے واپسی پر علاقہ مکینوں نے سیکیورٹی اہلکاروں کا زبردست خیرمقدم کیا اور آپریشن کرکے واپس آنے والے اہلکاروں کے ساتھ جشن منایا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ضلع کرک میں 17 خوارج کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور زخمی اہلکاروں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور بروقت کارروائی کی بدولت خوارج کے مذموم عزائم خاک میں مل گئے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت اور سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہیں، دہشت گردی کی عفریت کو جلد جڑ سے اکھاڑ دیں گے۔

