گوجرانوالہ : حافظ آباد کی تحصیل پنڈی بھٹیاں میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے سے 5 بچوں سمیت 7 افراد ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئے جس میں خاتون ٹیچر بھی شامل ہیں۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کا حافظ آباد میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے سے طلبہ سمیت 7- افراد کے جاں بحق ہونے پر گہرے رنج اور دکھ کا اظہار وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کا سوگوار خاندانوں سے اظہارِ ہمدردی و تعزیت وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی۔
رپورٹ کے مطابق پنڈی بھٹیاں کے علاقے سکھیکی منڈی کے محلہ فاروق اعظم میں گھر کی چھت گرنے سے افسوسناک حادثہ پیش آیا جہاں ماں اور بیٹا بچوں کو اکیڈمی کے اوقات میں ٹیوشن پڑھا رہے تھے کہ اچانک چھت زمین بوس ہوگئی۔
ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے کے نتیجے میں ٹیچر سمیت کئی طلبہ ملبے تلے دب گئے، حادثے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور زخمیوں اور لاشوں کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
حادثے کے نتیجے میں ماں، بیٹا اور ٹیوشن پڑھنے آنے والے 5 بچے جاں بحق ہوگئے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر حافظ آباد عاطف نذیر فوری موقع پر پہنچے اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر حافظ آباد عاطف نذیر نے ریسکیو اداروں کو ہدایت دی کہ ملبہ ہٹانے اور زخمی کو فوری طبی امداد فراہم کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔
ڈی پی او حافظ آباد نے اس دلخراش سانحے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے ہمدردی و تعزیت کی۔




