لاہور : (حافظ نعیم سے )پنجاب میں کینسر کے علاج کے ایک نئے اور جدید دور کا آغاز ہو گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے کے پہلے ’کوآبلیشن کینسر ٹریٹمنٹ سنٹر‘ کا افتتاح کر دیا، جو میو ہسپتال لاہور میں قائم کیا گیا ہے۔
یہ جدید سہولت چین سے منگوائی گئی مشینری کے ذریعے ممکن ہوئی ہے، جس کے ذریعے مریضوں کو بغیر کیموتھراپی اور سرجری کے کینسر کا محفوظ علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔
میو ہسپتال کے ماہر ڈاکٹروں نے ’کوآبلیشن‘ ٹیکنالوجی کے ذریعے اب تک دو مریضوں کا کامیاب علاج کیا ہے۔ ان مریضوں میں ایک جگر کی شریانوں میں رکاوٹ اور دوسرے میں چھاتی کے کینسر کا علاج کیا گیا، جو بجلی کی حرارت کے ذریعے متاثرہ ٹشوز کو ختم کر کے ممکن ہوا۔
ڈاکٹروں کے مطابق اس جدید طریقہ علاج میں بجلی سے پیدا ہونے والی حرارت کے ذریعے صرف متاثرہ حصے کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔ اس علاج میں مریض کو کم تکلیف ہوتی ہے اور صحت یابی کا عمل بھی تیز ہو جاتا ہے۔
ماہرین صحت نے ’کوآبلیشن‘ ٹیکنالوجی کو پاکستان میں کینسر کے علاج کے میدان میں ایک بڑی پیش رفت قرار دیا ہے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ جدید سہولتوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے تاکہ مریضوں کو عالمی معیار کا علاج میسر آ سکے۔




