واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ واشنگٹن اور بیجنگ کے درمیان ٹک ٹاک کے حوالے سے ایک معاہدہ طے پا گیا ہے۔
برطانیہ کے دورے پر روانگی سے قبل وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہاکہ ہمارے پاس ٹک ٹاک پر معاہدہ ہے۔ میں نے چین کے ساتھ یہ طے کیا ہے۔ جمعہ کو میں صدر شی جن پنگ سے بات کروں گا تاکہ سب معاملات کی تصدیق ہو جائے۔
امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بَیسَنٹ نے پیر کو بتایا تھاکہ میڈرڈ میں واشنگٹن اور بیجنگ کے درمیان ہونے والی بات چیت کے بعد طے پانے والے معاہدے کے مطابق ٹک ٹاک کی ملکیت امریکا میں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ فی الحال تجارتی شرائط پر بات نہیں کی جائے گی، البتہ مذاکرات کے دوران مستقبل میں مشترکہ اقدامات پر بھی تبادلہ خیال ہوا ہے۔
امریکی تجارتی کمشنر جیمیسن گریر نے کہا کہ امریکا اور چین ٹک ٹاک کے معاملے پر ایک مشکل اور حساس مسئلے کو حل کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ ان کے مطابق "فریم ورک معاہدے” کے تحت ٹک ٹاک امریکی کنٹرول میں چلا جائے گا، جبکہ دونوں ملکوں کے تعلقات باہمی احترام پر قائم رہیں گے۔
بیجنگ کا کہنا ہے کہ امریکہ میں سرمایہ کاروں کو ٹک ٹاک کے کاروبار کی فروخت کے نتیجے میں جو امریکی ورژن تیار ہوگا، وہ ایپ اپنی مادر کمپنی "بائٹ ڈانس” کی چینی ٹیکنالوجی اور الگورتھم استعمال کرے گا۔

