لاہور: قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے این ڈی ایم اے پنجاب کی جانب سے بتایا گیا کہ 16 سے 19 ستمبر تک دریاؤں کے بالائی علاقوں میں بارش متوقع ہے، جس پر صوبہ بھر کی علاقائی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ اس سپیل سے دریاؤں کی سطح بنلد ہونے کا امکان ہے اور طغیانی کے بھی خدشات ہیں۔ادارے کی جانب سے شہریوں سے اپیل بھی کی گئی ہے کہ وہ دریاؤں کے قریب جانے سے گریز کریں۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ حالیہ دنوں میں ہونے والی بارشوں اور سیلاب کے باعث جان سے گزرنے والے افراد کی تعداد ایک سو چار ہو گئی ہے جبکہ لاکھوں کی تعداد میں لوگ متاثر ہوئے ہیں۔
بڑی تعداد میں لوگوں کو متاثرہ علاقوں سے نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔این ڈی ایم اے کے چیئرمین نے اس موقع پر بتایا تھا کہ 16 سے 18 ستمبر تک وسطی پنجاب اور آزاد کشمیر میں بارش کا امکان ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہیڈ پنجند اور گدو بیراج پر پانی کا بہاؤ تیز ہے۔ ستلج، راوی اور چناب کے علاقوں میں صورتحال کنٹرول میں ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں 24 لاکھ افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا جبکہ سندھ میں ڈیڑھ لاکھ لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ پانی کا بہاؤ کم کرنے کے لیے کچھ علاقوں میں بند توڑے گئے۔
’پنجاب حکومت کو راشن پیکج سمیت 9 ہزار ٹینٹ فراہم کیے گئے ہیں، پنجاب کے لیے 9 ہزار ٹن سے زیادہ راشن فراہم کیا گیا۔‘

