لاہور :(حافظ نعیم سے )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگ زیب مسلسل تیسرے روز بھی جنوبی پنجاب کے سیلاب زدہ علاقوں شجاع آباد، جلالپور پیر والا اور علی پور میں ریسکیو آپریشن کی نگرانی کے لئے مو جود رہیں۔
مریم اورنگزیب نے صوبائی وزراء خواجہ سلمان رفیق، کاظم علی پیرزادہ اور رانا سکندر حیات کے ہمراہ شجاع آباد بائی پاس، گردیز نالے، دھندو والی اور جلالپور پیر والا میں سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا۔مریم اورنگ زیب نے موضع دھوندو سمیت دیگر مقامات پر شگاف پُر کرنے کے آپریشن کی نگرانی کی اور متعلقہ حکام کو فوری طور پر ملحقہ آبادیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت کی۔
شجاع آباد کے سیلاب زدہ علاقوں سے تمام شہریوں کو بحفاظت محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔ شجاع آباد میں انتظامیہ نے سینئر صوبائی وزیر کو متاثرہ علاقوں میں پڑنے والے شگاف اور ان کی مرمت کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ متاثرہ علاقوں میں بند کو مضبوط اور بہتر بنانے کا کام جاری ہے۔
جلالپور پیر والا کے نواحی گاؤں 86 ایم میں بھی ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا جہاں سے خواتین اور بچوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔ مریم اورنگزیب نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں شہریوں خصوصاً خواتین اور بچوں سے گفتگو کی اور ان کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔
سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر متاثرہ گھروں کے مکینوں کی حفاظت اور ان کے نقصانات کے ازالے کے لیے حکومت تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہری اپنی جانوں کی حفاظت کے لیے محفوظ مقامات پر منتقل ہو کر حکومتی ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں۔ حکومت سیلابی پانی اترتے ہی متاثرین کے نقصانات کے ازالے اور بحالی کے لیے جامع اقدامات کرے گی۔

