اسلام آباد :نیشنل ویدر فورکاسٹنگ سنٹر، اسلام آباد نے آج اور کل (منگل اور بدھ کو) پنجاب، خیبر پختونخوا اور شمالی علاقوں کے بیشتر حصوں میں مزید طوفانی بارشوں کی پیشن گوئی کی ہے۔
پشاور میں بدھنی نالہ میں درمنگی کے مقام پر ہائی لیول سیلاب ہے۔
پشاور کے رہائشی علاقے ورسک روڈ، درمنگی اور ریگی لارما زیر آب آنے کا خطرہ ہے۔این ڈبلیو ایف سی کی ویب سائٹ کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاوہ پنجاب کے اضلاع بشمول راولپنڈی، نارووال، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، گجرات، منڈی بہاؤالدین، لاہور، قصور، اوکاڑہ، شیخوپورہ، حافظ آباد اور ملحقہ علاقوں میں یا ان کے قریب بہنے والے دریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی بن سکتی ہے۔
جبکہ مظفر گڑھ پنجاب میں 22 سے زیادہ دیہات زیرآب آچکے ہیں ادارے نے مزید بتایا کہ موسلادھار بارشوں سے جموں، بھمبر، میرپور، کوٹلی، پنچ، حویلی اور ملحقہ علاقوں کے مقامی نالوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور شہری سیلاب کا خدشہ ہے۔
منگل کی صبح ایک بجے تک دریائے چناب میں تریموں کے مقام پر 5 لاکھ 32 ہزار 498 کیوسک پانی کا اخراج ریکارڈ کیا گیا، جسے ’انتہائی بلند‘ سیلاب قرار دیا گیا ہے، ایک خطرناک ریلہ ہیڈ تریموں کی طرف بڑھ رہا ہے اور پانی کی سطح 7 لاکھ کیوسک تک پہنچنے کی پیشگوئی ہے۔
اسی وقت دریائے راوی بھی بلوکی ہیڈ ورکس پر ’انتہائی بلند‘ سطح پر ہے، جہاں ایک لاکھ 44 ہزار 675 کیوسک پانی ریکارڈ کیا گیا، سدھنائی ہیڈ ورکس پر بھی پانی کی سطح مسلسل بڑھتے ہوئے ایک لاکھ 5 ہزار 604 کیوسک تک پہنچ گئی ہے۔
قصور کے مقام گنڈا سنگھ والا پر مسلسل خطرہ بنا ہوا ہے، جہاں 2 لاکھ 53 ہزار 68 کیوسک پانی کا اخراج جاری ہے، جسے ’انتہائی بلند‘ سطح کہا گیا ہے، صورتحال مزید خراب ہونے کا امکان ہے اور 4 سے 5 ستمبر کے دوران تقریباً 10 لاکھ کیوسک پانی پنجند کے مقام پر اکٹھا ہونے کی پیشگوئی ہے۔
الرٹ میں مزید کہا گیا کہ پیش گوئی کی مدت کے دوران لینڈ سلائیڈنگ/مڈ سلائیڈنگ خیبر پختونخواہ، مری، گلیات اور کشمیر کے کمزور پہاڑی علاقوں میں سڑکوں کی بندش کا سبب بن سکتی ہے۔ لرٹ میں مزید کہا گیا کہ ’عوام، مسافروں اور سیاحوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے خطرناک علاقوں میں جانے سے گریز کریں اور تازہ ترین موسمی حالات کے بارے میں اپ ڈیٹ رہیں۔‘
این ڈبلیو ایف سی کی ویب سائٹ پر بتایا گیا ہے کہ آج (منگل کو) کشمیر اور شمال مشرقی پنجاب میں تیز ہواؤں/گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جب کہ اسلام آباد اور بالائی خیبر پختونخواہ کے مختلف مقامات پر موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔
’ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔

