کابل :افغانستان میں رات گئے تباہ کن زلزلے کے نتیجے میں 800 سے زائد افراد جاں بحق اور 1300 سے زائد زخمی ہوگئے، کئی گاؤں مٹی تلے دب گئے، صوبہ ننگرہار اور لغمان میں بھی بڑا جانی نقصان ہوا۔
غیرملکی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق زلزلے کے جھٹکے کابل سے لے کر پاکستان اور بھار ت کے دارالحکومت اسلام آباد ، نئی دہلی سمیت مختلف شہروں میں محسوس کئے گئے ۔ کنڑ صوبے میں سب سے زیادہ تباہی ہوئی، جہاں سیکڑوں مکانات تباہ ہو گئے۔کونر اور ننگرہار کے پہاڑی اضلاع نور گل، ساوکی، واتپور، مانوگی، چپا ڈارا سمیت کئی دیہات صفحہ ہستی سے مٹ گئے۔
افغان وزارتِ داخلہ کے مطابق اب تک 610 افراد جاں بحق اور 1300 زخمی ہوئے ہیں، کنڑ کے صوبائی ترجمان عبدالمتین قانی نے بتایا کہ ننگرہار میں بھی 12 افراد جاں بحق اور 255 زخمی ہوئے۔
طالبان حکام اور اقوامِ متحدہ نے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں جبکہ افغانستان نے عالمی مدد کی اپیل کی ہے ۔
وزیراعظم شہباز شریف نے گذشتہ شب افغانستان میں زلزلے سے سینکڑوں اموات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم افغان بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون دینے کے لیے تیار ہیں۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شیئر کیے گئے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ اس غم کی گھڑی میں ہماری ہمدردیاں متاثرہ افراد اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔

