کراچی : صوبہ سندھ کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور وفاقی حساس اداروں نے کراچی کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر کالعدم تنظیموں تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور القاعدہ برصغیر کے پانچ رکن گرفتار کر لیے۔
سی ٹی ڈی سندھ کے ترجمان نے ایک جاری بیان میں کہا کہ منگھوپیر اور کشمیر روڈ پر خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائیوں میں ٹی ٹی پی کے اللہ نور اور سرفراز جبکہ القاعدہ – برصغیر کے سلیم، جہانزیب اور امداد اللہ کو گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان کے مطابق ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ برآمد ہوا ہے، جو فارنزک ٹیسٹ کے لیے بھیج دیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ گرفتار افراد ایک پڑوسی ملک سے عسکری تربیت یافتہ ہیں اور کراچی میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔انچارج سی ٹی ڈی راجہ عمر خطاب کا کہنا ہے کارروائی کے دوران جو افراد گرفتار کیے گئے، وہ براہ راست کسی بڑی دہشت گرد کارروائی میں ملوث تو نہیں تھے، تاہم یہ سہولت کار اور سلیپر سیلز کی طرز پر کام کر رہے تھے۔‘تحقیقات جاری ہیں اور مزید معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔

