عجمان :پاکستان نے باڈی بلڈنگ ایشیئن چمپیئن شپ میں پہلی مرتبہ مختلف کیٹیگریز میں پانچ گولڈ میڈل حاصل کر لیے ہیں۔ تھائی لینڈ میں 22 سے 24 اگست تک جاری رہنے والی اس چیمیپیئن شپ میں پاکستان کے چھ ایتھلیٹس نے شرکت کی تھی، جن میں سے پانچ گولڈ میڈل حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔
22 سالہ فراست علی نے جونیئر کی 75 کلوگرام کیٹیگری میں گولڈ میڈل جیتا جبکہ 51 سالہ اعجاز احمد ماسٹر کیٹگری میں گولڈ میڈل جیتنے میں کامیاب رہے۔فیضان گل نے سپورٹس فزیک میں گولڈ میڈل جیتا جبکہ بلوچستان کے شہر کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے بلال احمد نے 180 سینٹی میٹر کیٹگری میں سونے کا تمغہ جیتا، جبکہ شکیل احمد نے 182 سینٹی میٹر کیٹگری میں گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔
ماسٹر کیٹگری میں گولڈ حاصل کرنے والے 51 سالہ اعجاز احمد کا تعلق خیبر پختونخوا کے محکمہ پولیس سے ہے، جونیئر گولڈ میڈل حاصل کرنے والے فراست علی کا تعلق ملتان سے ہے اور وہ ٹائروں کو پنکچر لگانے کے کام کرتے ہیں جبکہ کوئٹہ کے بلال احمد کے والد فالج کے مریض ہیں اور اُن کے مطابق وہ یہ تمغہ جیت کر اپنے مریض والد کو خوش کرنا چاہتے تھے۔

