کراچی : انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سرکاری اہلکار پر تشدد اور دھمکیاں دینے کے مقدمے میں وزیر بلدیات سندھ سعید غنی کے بھائی اور چنیسر ٹاؤن کے چیئرمین فرحان غنی ودیگر کا 28 اگست تک جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔
فیروز آباد تھانے کی پولیس نے فرحان غنی اور دیگر ملزمان کو انسداد دہشت گردی کے منتظم جج کی عدالت میں پیش کیا۔
سماعت کے آغاز میں انسداد دہشت گردی عدالت کے جج نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ ملزمان کے کیا نام ہیں اور ان پر کیا الزامات ہیں، تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزمان میں فرحان غنی، شکیل اور قمر احمد شامل ہیں۔
تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزمان نے مدعی مقدمہ سمیت دیگر کو مارا پیٹا ہے، پراسیکیوٹر نے بتایا کہ مدعی مقدمہ اہلکارروں کی نگرانی میں کام کررہے تھے۔
عدالت نے پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ جنھیں مارا ہے وہ کس ادارے کے اہلکار و ملازم تھے، پراسیکیوٹر ادارے کے حوالے سے عدالت کو کوئی جواب نہ دے سکے تاہم انہوں نے عدالت سے ملزمان کا 14 دن کا ریمانڈ دینے کی استدعا کردی۔

