لاہور: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے بھانجے شاہ ریز کو پولیس نے زمان پارک سے حراست میں لے لیا۔ ذرائع کے مطابق گرفتاری آج سہ پہر تقریباً آدھا گھنٹہ قبل عمل میں آئی۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان کی بہن علیمہ خان اور شاہ ریز کا رہائشی مکان عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک سے منسلک ہے۔ پولیس کی جانب سے کارروائی اچانک کی گئی، جس کے بعد انہیں تحویل میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق گرفتاری کے دوران علاقے میں پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی جبکہ اطراف کے راستوں پر بھی سخت نگرانی کی گئی۔ تاہم اس گرفتاری کی فوری وجوہات سے متعلق سرکاری سطح پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔
یاد رہے کہ زمان پارک گزشتہ کئی ماہ سے سیاسی سرگرمیوں اور سیکیورٹی کے اعتبار سے مرکز توجہ رہا ہے، جہاں عمران خان کے خلاف مختلف کیسز کے تناظر میں کئی بار چھاپے اور گرفتاریوں کی خبریں سامنے آتی رہی ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کا ردعمل
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے جاریکردہ پریس ریلیز میں کہاگیا ہے کہ لاہور میں عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کے گھر پر سادہ کپڑوں میں ملبوس مسلح افراد کا انکے بیٹے شاہریز خان کا اغوا اور حملہ قابلِ مذمت ہی نہیں بلکہ شرمناک ترین اور بزدلانہ حرکت ہے۔ یہ بدمعاشی اور جبر کی انتہا ہے کہ گھر کے دروازے توڑ کر ان کے بیٹے شاہریز خان کو انکو بیڈ روم سے اغوا کر لیا گیا، ملازمین کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور شاہریز خان کے دو معصوم بچوں کے سامنے زبردستی کمرے میں گھس کر شاہریز خان پر تشدد کیا گیا۔ اس سے بڑھ کر حکومتی دہشتگردی کی اور کوئی مثال نہیں ہو سکتی۔
سلمان اکرم راجا
دوسری طرف سلمان اکرم راجا کا کہنا ہے کہ جب عمران خان کی بہن عظمی بی بی کے خاوند نے جب پوچھا کہ کیوں لے جا رہے ہو تمہارے پاس کوئ وارنٹ ہیں،تو آگے سے اغوا کار کہتے ہیں (اینوں وی پا لو) اور دھکا مار کر چلے گئے۔
بیرسٹر گوہر خان چئیرمین پاکستان تحریک انصاف
گوہر خان نے سوشل میڈیا ایکس پر اپنی ٹویٹ میں کہا ہے کہ لاہور میں محترمہ علیمہ خان کی رہائشگاہ پر سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد کا حملہ اور بیٹے شاہ ریز کا اغوا انتہائی قابلِ افسوس ہے۔ ہم اس غیر قانونی اقدام کی مذمت کرتے ہیں۔ فیملی سب کی قابلِ احترام ہوتی ہے، سیاسی مقاصد کے لیے کبھی ان پر ہاتھ نہیں ڈالا جاتا۔ اس قسم کے اقدامات سے عوام میں نفرت اور دوریاں پیدا ہوجاتی ہیں۔
اسد قیصر سابق اسپیکر قومی اسمبلی
اسد قیصر نے ایکس پر پوسٹ میں کہا ہے کہ ملک میں بدقسمتی سے اندھیر نگری چوپٹ راج کا سلسلہ جاری ہے، لاہور میں محترمہ علیمہ خان کی رہائش گاہ پر سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد کا حملہ اور ان کے بیٹے شاہ ریز کا اغوا نہ صرف افسوسناک بلکہ انتہائی قابلِ مذمت عمل ہے۔ یہ واقعات اس بات کا ثبوت ہیں کہ شہریوں کی جان و مال اور عزت محفوظ نہیں رہی
علی امین گنڈا پور وزیراعلی خیبر پختونخوا
علی امین گنڈا پور نے اپنی ٹویٹ میں کہا ہے کہ علیمہ خان کے بیٹے شاہ ریز کو ان کے گھر سے سادہ لباس میں ملبوس افراد کے ذریعے اغوا کرنا قابلِ مذمت ہے۔ ایسے فاشسٹ ہتھکنڈوں کا خاتمہ ہونا چاہیے اور ہم ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں
خدیجہ صدیقی
پی ٹی آئی رہنما خدیجہ صدیقی کا کہنا ہے کہ شاہ ریز کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے ! صبح اسکے ماموں کی ضمانت منظور ہوتی ہے ، شام کو علیمہ آپا کے گھر چھاپہ مار کر شاہ ریز کو اغوا کر لیا جاتا ہے! بڑے بزدل ہیں!







