واشنگٹن: امریکا نے بی ایل اے اور اس کی ذیلی تنظیم مجید بریگیڈ کو باضابطہ طور پر غیر ملکی دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کر دیا۔
امریکی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ اس امرکا تسلسل ہے کہ امریکہ دہشت گردی کے خلاف کسی بھی قسم کی نرمی نہیں برتے گا۔
امریکی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ بی ایل اے اور مجید بریگیڈ نے پاکستان میں متعدد جان لیوا پُرتشدد حملوں کی ذمہ داریاں قبول کیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ان حملوں میں بی ایل اے اور مجید بریگیڈ نے معصوم شہریوں، سیکیورٹی فورسز اور اہم انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا۔
وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ بی ایل اے اور اس کی ذیلی تنظیم مجید بریگیڈ نے کئی ہائی پروفائل حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے جن میں انسانی جانوں کا شدید نقصان ہوا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کے ان حملوں پر تادیبی کارروائی عالمی سلامتی کے لیے نہایت ضروری ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ دونوں گروپ عسکریت پسندی کو بطور ہتھیار استعمال کر رہے ہیں، جس سے خطے میں عدم استحکام بڑھ رہا ہے۔
یاد رہے کہ بی ایل اے نے کراچی انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور گوادر پورٹ کمپلیکس پر ہونے والے حملوں کی ذمہ داری قبول کی تھی۔
اسی طرح 2023 میں جعفر ایکسپریس پر ہونے والے حملے میں بھی بی ایل اے نے ملوث ہونے کا اعتراف کیا تھا، جس میں 31 افراد شہید اور 300 سے زائد افراد یرغمال بنائے گئے۔
بی ایل اے اور مجید بریگیڈ عالمی غیر ملکی دہشت گرد تنظیمیں قرار

