لاہور:پنجاب میں بلدیاتی نظام میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے بلدیاتی اداروں کو بیوروکریسی کے ماتحت کر دیا گیا ہے۔ اس نئے نظام کے تحت لارڈ میئر اور ضلع کونسل جیسے اعلیٰ اداروں کو ختم کر دیا گیا ہے تاکہ بیوروکریسی کو فیصلہ سازی میں بالادست رکھا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق بلدیاتی اداروں کے بجٹ اور ہیومن ریسورس (ایچ آر) کے معاملات اب محکمہ بلدیات اور ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) کے زیر انتظام ہوں گے۔بلدیاتی ادارے اپنا بجٹ براہ راست محکمہ بلدیات یا متعلقہ ڈی سی سے حاصل کریں گے۔
تمام تبادلے (ٹرانسفر پوسٹنگ) اب محکمہ بلدیات کی منظوری سے ہوں گے۔بلدیاتی اداروں کو جونیئر گریڈ تک محدود کر دیا گیا ہے، جبکہ بلدیہ عظمیٰ لاہور اور ضلع کونسل جیسے سینئر ادارے ختم کر دیے گئے ہیں۔
نئے نظام کے مطابق بلدیاتی نمائندے اب ڈی سی یا ڈی پی او کو اپنے دفتر میں طلب نہیں کر سکیں گے۔
اس تبدیلی کے بعد بلدیاتی اداروں کی انتظامی خودمختاری میں واضح کمی آ گئی ہے جبکہ عوامی نمائندوں کے اختیارات محدود کر دیے گئے ہیں۔

