لاہور (سیاسی رپورٹر)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب میں ماحولیاتی بہتری اور عوامی صحت کے تحفظ کے لیے بڑے فیصلے کر لیے۔ ہڈیارا ڈرین کو صنعتی اور زہریلے کچرے سے پاک کرنے کا منصوبہ منظور کر لیا گیا ہے۔ فیصل آباد اور سیالکوٹ کی رہائشی آبادیوں میں قائم کارخانے اب انڈسٹریل زونز میں منتقل ہوں گے۔قائداعظم انڈسٹریل سٹیٹ کے 50 سے زائد صنعتی یونٹس کو ہڈیارا میں زہریلا کچرا ڈالنے سے روکنے اور 10 ایکڑ پر واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ لگانے کی ہدایات جاری کر دی گئیں۔ ڈی جی ای پی اے ڈاکٹر عمران حامد نے متعلقہ اداروں کو خطوط لکھ کر فوری عمل درآمد کا مطالبہ کیا ہے۔واضح رہے ہڈیارا ڈرین، جس کا 54 کلومیٹر حصہ پاکستان میں ہے، اب زہریلے صنعتی فضلے سے آلودہ ہو چکی ہے۔ اس کا پانی سبزیاں اگانے کے لیے استعمال ہو رہا ہے، جس سے تانبہ، سیسہ اور دیگر خطرناک دھاتیں خوراک کے ذریعے انسانی جسم میں داخل ہو رہی ہیں، جو جان لیوا بیماریوں کا سبب بن رہی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے واضح کر دیا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی اب کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
ماحولیات کے تحفظ کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب کا انقلابی اقدام

