پشاور(خصوصی رپورٹ)خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت سے پولیو وائرس کا ایک اور کیس سامنے آگیا ہے۔ متاثرہ بچہ پانچ ماہ کا ہے اور تعلق یونین کونسل سلیمان خیل سے بتایا گیا ہے۔
ریجنل ریفرنس لیبارٹری کی تصدیق کے مطابق، اس نئے کیس کے بعد خیبرپختونخوا سے رپورٹ ہونے والے پولیو کیسز کی تعداد 12 ہو گئی ہے، جبکہ ملک بھر میں سال 2025 کے دوران کیسز کی مجموعی تعداد 19 تک پہنچ چکی ہے۔
قومی ادارہ برائے انسدادِ پولیو نے جنوبی خیبرپختونخوا میں پولیو وائرس کی موجودگی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا ہے کہ متعلقہ اضلاع کے لیے ایک ہنگامی اور مربوط منصوبہ تیار کیا جا رہا ہے، جس کی قیادت چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا کر رہے ہیں۔

