مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی تحریک اب ایک دن کے احتجاج میں بدل چکی ہے اور تمام سیاسی کارڈز ناکام ہو چکے ہیں، جماعت کے پاس اب صرف ناکامی کا کارڈ باقی ہے۔
نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنی بنائی ہوئی تباہی کی سرنگ میں داخل ہو چکے ہیں، جس سے نکلنے کا کوئی راستہ نظر نہیں آتا۔ انہوں نے کہا کہ ہم مذاکرات کے لیے تیار ہیں لیکن عمران خان صرف ان سے بات کرنا چاہتے ہیں جو پی ٹی آئی سے بات نہیں کرنا چاہتے۔
عرفان صدیقی کے مطابق، پی ٹی آئی کا ماضی اور حال موجود ہے لیکن اس کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں رہا، عوام اس کے بیانیے سے بیزار ہو چکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سلمان اور قاسم کے ویزا درخواست دینے سے یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ وہ خود کو پاکستانی شہری تسلیم نہیں کرتے۔
آل پارٹیز کانفرنس کے حالیہ اعلامیے پر بات کرتے ہوئے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ یہ اعلامیہ فوج سے بغض اور پی ٹی آئی کی ہمدردی سے بھرا ہوا تھا، جبکہ پاکستان کی عظیم فتح "معرکہ حق” کا ذکر تک نہیں کیا گیا، جو کہ قابلِ افسوس ہے۔

