لاہور(ملک ظہیر کی رپورٹ) لاہور سمیت صوبے کے تمام اضلاع میں یوم شہداء پولیس کے موقع پر خصوصی تقاریب کا انعقاد کیا جائے گا۔ پولیس کے چاک و چوبند دستے شہداء کی یادگاروں اور قبروں پر سلامی پیش کریں گے۔ شہداء پولیس کی قبروں پر پھولوں کی چادریں چڑھائی جائیں گی اور فاتحہ خوانی کی جائے گی۔ مساجد میں پولیس شہداء کی ارواح کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی اور شہداء پولیس کےدرجات کی بلندی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔ سینئر پولیس افسران شہداء پولیس کے اہل خانہ اور بچوں سے ملاقات کریں گے۔ شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ شہداء پولیس اور ان کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کے لئے تقاریب منعقد اور ریلیاں بھی نکالی جائیں گی۔ سینئر پولیس افسران، شہداء کے اہلخانہ، اکیڈیمیا اور سول سوسائٹی سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد یوم شہداء پولیس کے سلسلے میں منعقدہ پروگراموں میں شرکت کریں گے۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے یوم شہداء پولیس کے موقع پر خصوصی پیغام میں کہا کہ آج کا دن شہداء کے ساتھ تجدید عہد کا دن ہے، زندہ قومیں اپنے ہیروز کو کبھی فراموش نہیں کرتیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ فرض کی راہ میں جام شہادت نوش کرنے والے پولیس افسران اور جوانوں کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس ہر سال 04 اگست یوم شہداء پولیس کے طور پر جوش و جذبے سے مناتی ہے۔ پنجاب پولیس کے 1700 بہادر شہداء نے امن و امان کے قیام اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف لڑتے ہوئے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ بحیثیت سربراہ پنجاب پولیس شہداء کے خاندانوں کی بہترین ویلفیئر میری اولین ترجیح ہے۔ خوشی اور غمی کے ہر موقع پر محکمہ پولیس اور فورس آپ کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی۔