لاہور(اسد مرزا کی رپورٹ ) پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز (ڈی پی اوز) کے تبادلوں کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔ اس حوالے سے بروز سوموار یا منگل کو اہم انٹرویوز کا انعقادہو گا جس میں کئی اضلاع کے ڈی پی اوز کو ان کی ناقص کارکردگی کی بنیاد پر تبدیل کیے جانے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بعض ڈی پی اوز کی کارکردگی پر شدید عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ صرف وہ افسران فیلڈ میں تعینات کیے جائیں جو پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو سنجیدگی سے لیتے ہیں اور قانون نافذ کرنے میں سنجیدہ کردار ادا کرتے ہیںجبکہ ان ڈی پی او ز کو بھی اتھل پھتل کیا جائیگاجن کی تعیناتی کا دورانیہ دو سال ہو چکا ہے انہیں نئی ذمہ داریاں سونپی جائینگی۔ذرائع کا کہناہے کہ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور بھی چاہتے ہیں کہ پنجاب میں تبدیلی آئے اور نئے افسران کو موقع دیا جائے پنجاب میں خواتین پولیس افسر کو بھی بطور ڈی پی اوز تعینات کرنا چاہئے ۔اس اہم اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب کے علاوہ چیف سیکرٹری پنجاب، انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب، وزیراعلیٰ کے مشیر پرویز رشید، اور سینئر وزیر مریم اورنگزیب بھی شریک ہوں گی۔ انٹرویوز کا مقصد ایسے افسران کا چناؤ ہے جو سیاسی مداخلت سے پاک اور میرٹ پر مبنی کارکردگی دکھا سکیں۔پولیس ذرائع کے مطابق پنجاب بھر سے سینئر سپرنٹنڈنٹس آف پولیس (ایس پی) جن کے پاس شعبہ تفتیش میں کم از کم دو سال کا تجربہ ہے، وہ اس بات کے خواہاں ہیں کہ انہیں ڈی پی او تعینات کیا جائے تاکہ وہ اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکیں۔ان افسران کا کہنا ہے کہ کئی موجودہ ڈی پی اوز نے پولیسنگ کے بجائے سیاسی پروٹوکول پر زیادہ توجہ دی ہےتاکہ انکی نوکری بچا لیں۔ یہ افسران عوامی مسائل حل کرنے کی بجائے حکومتی شخصیات کو خوش کرنے کے لیے توانائیاں صرف کرتے ہیں اور فیلڈ میں اپنی اصل کارکردگی دکھانے سے قاصر ہیں۔باوثوق ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ کا مقصد صرف تبدیلی نہیں بلکہ ایک مؤثر اور جوابدہ پولیس نظام کا قیام ہے۔ آئندہ تعیناتیوں میں قانون کی عملداری، جرائم کے خلاف سنجیدہ اقدامات اور عوامی اعتماد کو مرکزی حیثیت دی جائے گی۔حکومت کا یہ اقدام پولیس سروس میں میرٹ، شفافیت، اور پیشہ ورانہ کارکردگی کو فروغ دینے کی جانب اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ راولپنڈی ڈویژن ،سائو تھ پنجاب ،شیخوپورہ ، سرگودھا ریجن میں تبدیلیاں متوقع ہیں
پنجاب میں ڈی پی اوز تبادلے ،خواتین افسرکیوں خوش نئے ڈی پی اوز کون؟ وزیر اعلی پنجاب کی سربراہی میں انٹرویوز ہونگے


