اسلام آباد: انسداد دِہشت گردی کی عدالت نے 26 نومبر احتجاج کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے 50 رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ہیں۔
اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے جن پی ٹی آئی رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے ان میں عارف علوی، علی امین گنڈاپور، اسد قیصر، حماد اظہر، عاطف خان، عبدالقیوم نیازی، شبلی فراز، فیصل جاوید اور سلمان اکرم راجا شامل ہیں۔
جبکہ علیمہ خانم، شیخ وقاص اکرم، کنول شوزب، شاندانہ گلزار، شیرافضل مروت کے نام کے بھی وارنٹ جاری کیے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ تحریک انصاف کے 41 رہنماوں کے وارنٹ گرفتاری آج جاری ہوئے جبکہ نو پی ٹی آئی رہنماوں کے وارنٹ گرفتاری پہلے ہی جاری ہوچکے ہیں۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنماوں کے وارنٹ کراچی کمپنی میں درج مقدمہ نمبر 1193 میں جاری کیے گئے۔

