پشاور:لیلی پہاڑ نے ایک اور خاتون کوہ پیما کی صورت میں اپنا خراج وصول کرلیا۔۔۔ گلگت بلتستان کی پہاڑوں کی خوبصورتی سے مسحورنوجوان جرمن اولمپئین لاؤرا ڈالمائر کی لاش بھی واپس نہ لائی جاسکی ۔
رپورٹ کے مطابق حکام نے ان کی موت کی تصدیق کردی ہے۔
حادثے کے وقت ان کے ساتھ کوہ پیما مارینا ایفا بھی موجود تھیں، جنہوں نے ہنگامی سگنل بھیجا اور منگل کے روز ریسکیو ٹیم کی مدد سے بیس کیمپ تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئیں۔ تاہم، لاؤرا ڈالمائرلینڈ سلائیڈنگ کےباعث پہاڑ پر ہی رہ گئیں اور ان تک فوری طور پر نہ پہنچا جاسکا، بارش اورخراب موسم کے باعث فوجی ہیلی کاپٹرز کی پروازیں بھی ممکن نہ تھیں۔
یہ حادثہ پیر کے روز ضلع گانچھے کی ہوشے وادی میں پیش آیا، جب لیلی پیک پر تقریباً 5,700 میٹر کی بلندی پر اچانک پتھر گرنا شروع ہوگئے۔
بالآخر دو عالمی ٹیموں نے امدادی مشن کا آغاز کیا۔ ان ٹیموں میں تین امریکی اور ایک جرمن کوہ پیماؤں سمیت چار غیر ملکی کوہ پیماؤں اور دو مقامی پورٹرز بھی شامل تھے۔ تاہم سرتوڑ کوشش کے باوجو دونوں ٹیمیں جائے حادثہ تک نہ پہنچ سکیں ۔
جرمن اولمپک چیمپئن لاؤرا ڈالمائر کا شمار اس صدی کی کامیاب ترین جرمن بیاتھلون ایتھلیٹس میں ہوتا ہے۔ انہوں نے 2018 میں جنوبی کوریا کے شہر پیونگ چانگ میں ہونے والے سرمائی اولمپکس میں دو طلائی تمغے جیتے، جبکہ عالمی چیمپئن شپ میں مجموعی طور پر سات ٹائٹل اپنے نام کیے۔
۔

