لاہور :پنجاب پولیس کا راجن پور کے کچے کے علاقے میں مغویوں کی بازیابی کے لیے کامیاب آپریشن،4 مغوی بحفاظت بازیاب کرا لئے گئے چھینی گئی کروڑوں مالیت کی 225 بھینسیں بھی برآمد، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے مغوی بازیاب، بھینسیں برآمد کرنے پر راجن پور پولیس کو شاباش دی ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق راجن پور کے کچہ کریمینلز کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن میں ڈاکوؤں کے ٹھکانے سے 4 مغویوں بحفاظت بازیاب کرالئے ہیں ۔ڈاکوؤں نے چند روز قبل رحیم یار خان، راجن پور سے ملحقہ کچہ ایریا سے 4 افراد کو اغوا کرکے 225 بھینسیں چھین کر اندرون کچہ فرار ہوگئے تھے۔
برآمد کی گئی بھینسوں کی مالیت چار کروڑ روپے سے زائد ہے ۔ترجمان پنجاب پولیس نے مزید انکشاف کیا ہے کہ راجن پور پولیس نے آپریشن کے دوران کچے کے ڈاکوؤں کے 3 سہولت کاروں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے ۔
اس موقع پر ڈی پی او راجن پور فاروق امجد نے بتایا کہ راجن پور پولیس کو آپریشن میں جدید ٹیکنالوجی، منظم حکمت عملی کے تحت کامیابی ملی۔آپریشن میں ضلعی پولیس اور ایلیٹ فورس کی بھاری نفری نے حصہ لیا۔

