خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) ڈپٹی کمشنر خوشاب ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر نے تحصیل قائدآباد کا تفصیلی دورہ کیا اور مین بازار قائدآباد، گھنڈی والا چوک پر بیوٹیفکیشن پلان کے تحت مختص مقامات، ٹی ایچ کیو ہسپتال قائدآباد روڈ پر جاری ترقیاتی کاموں، صفائی ستھرائی کے انتظامات اور تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔
دورے کے آغاز پر ڈپٹی کمشنر نے مین بازار قائدآباد اور گھنڈی والا چوک پر شہر کی خوبصورتی، تزئین و آرائش اور شہری ماحول کو مزید بہتر بنانے کے لیے مختص جگہوں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر قائدآباد رمشاء رحمان اور ایکسین ہائی ویز ذیشان انور نے ڈپٹی کمشنر کو بیوٹیفکیشن پلان اور مجوزہ اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر نے ٹی ایچ کیو ہسپتال قائدآباد روڈ پر جاری ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ کیا اور تعمیراتی کام کی رفتار و معیار کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران اور تعمیراتی عملے کو سختی سے ہدایت کی کہ منصوبوں میں استعمال ہونے والے میٹریل کے معیار اور تعمیراتی کاموں کی کوالٹی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ ترقیاتی کاموں میں ناقص میٹریل یا غیر معیاری کام کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر نے قائدآباد کے گنجیال بازار اور مختلف محلوں کا بھی دورہ کیا اور وہاں صفائی ستھرائی کی صورتحال کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز ذریاب ساجد اور مانیٹرنگ سپروائزر نے انہیں "ستھرا پنجاب پروگرام” کے تحت جاری صفائی آپریشن، عملے کی کارکردگی اور شہری علاقوں میں صفائی کے مجموعی انتظامات سے آگاہ کیا۔
علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر نے جناح لیڈیز پارک قائدآباد کا بھی دورہ کیا اور پارک میں صفائی و دیگر انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پارک سمیت تمام عوامی مقامات پر صفائی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ شہریوں اور فیملیز کو صاف ستھرا اور خوشگوار ماحول میسر آ سکے۔
مزید برآں، ڈپٹی کمشنر نے مین بازار قائدآباد میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے جاری اینٹی انکروچمنٹ آپریشن کا بھی معائنہ کیا، جس پر اسسٹنٹ کمشنر قائدآباد رمشاء رحمان نے انہیں آپریشن کی پیش رفت اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بریفنگ دی۔ دورے کے موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز ذریاب ساجد، اسسٹنٹ کمشنر قائدآباد رمشاء رحمان، میونسپل کمیٹی، پیرا فورس (PERA Force) اور ستھرا پنجاب پروگرام کے متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔


